پاکستانی فیملی ٹری میں افغان شہریوں کو شامل کرکے ان کے قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادرا کے تین اعلیٰ افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نادرا ملتان شعیب احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا ملتان رمیض رضا اور کوٹ ادو نادرا خدمت مرکز کے سپرنٹنڈنٹ نوید اسلم شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے افغان شہریوں کو پاکستانی فیملی ٹری میں غیر قانونی طور پر شامل کرکے ان کے قومی شناختی کارڈ بنوائے۔ متعلقہ اداروں نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کا بھی تعین کیا جاسکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی شناختی دستاویزات کے اجرا میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔