کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں 6 سالہ ولی کی بوری بند لاش ملنے کے کیس میں گرفتار ملزم حمزہ نے دورانِ تفتیش جرم سے متعلق بیان دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بچے کے ساتھ زیادتی اور بعد ازاں قتل کا اعتراف کیا ہے، تاہم اس کے بیان کی مزید قانونی اور فرانزک جانچ جاری ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ابتدا میں مختلف بیانات دے کر تفتیش کو الجھانے کی کوشش کرتا رہا۔ بعد میں شواہد اور سوالات کے سامنے آنے پر اس نے واقعے سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔
ملزم کے مطابق ولی اسے جانتا تھا اور اکثر اس کے پاس آتا جاتا تھا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ وقوعے کے روز اس نے بچے کو کمرے میں لے جا کر بند کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا کہ بچے کی آواز روکنے کی کوشش کے دوران اس کی حالت خراب ہوئی اور وہ بے ہوش ہوگیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے بچے کو کمرے میں چھوڑنے کے بعد کچھ دیر بعد واپس آ کر دیکھا تو وہ ہوش میں نہیں تھا۔ اس وقت گھر میں ایک بزرگ خاتون موجود تھیں، جبکہ گھر کے دیگر افراد بیمار بچے کی وجہ سے اسپتال میں تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بعد میں کپڑے تبدیل کیے اور بچے کی لاش کو ایک شاپر میں رکھ کر الماری میں چھپا دیا۔ جب علاقے میں پولیس کی سرگرمیاں بڑھیں تو اس نے خوف کے باعث لاش کو گھر سے نیچے پھینک دیا، جو بعد میں بوری بند حالت میں برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے بیان، جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور دیگر پہلوؤں کی بنیاد پر تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے۔ ملزم حمزہ کو مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ کیس میں قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔