ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے دفاعی چیمپئن تیج پوگاکار نے ایونٹ کے چھٹے مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی اور دوبارہ یلو جرسی حاصل کر کے مجموعی برتری بھی اپنے نام کر لی۔
186.2 کلومیٹر پر مشتمل ریس کا چھٹا مرحلہ ایونٹ کا پہلا پہاڑی اسٹیج تھا جہاں 27 سالہ سلووینیائی سائیکلسٹ نے آخری پانچ کلومیٹر میں برق رفتار سائیکلنگ کرتے ہوئے اپنے اہم حریف جوناس وِنگیگارڈ کو واضح برتری سے پیچھے چھوڑ دیا۔ پوگاکار نے مقررہ فاصلہ 4 گھنٹے 32 منٹ اور 7 سیکنڈز میں مکمل کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ پوگاکار نے مجموعی وقت کے اعتبار سے دیگر تمام سائیکلسٹس پر برتری حاصل کر لی اور ناروے کے سائیکلسٹ ٹورسٹین سے یلو جرسی واپس چھین لی۔ ٹورسٹین چھٹے مرحلے کے دوران دیگر سائیکلسٹس سے ٹکرا جانے کے باعث 51ویں نمبر پر رہے اور یلو جرسی سے محروم ہوگئے۔
واضح رہے کہ تیج پوگاکار اس سال ٹور ڈی فرانس کا پانچواں ٹائٹل جیتنے کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں جبکہ چھٹے مرحلے میں ان کی شاندار کامیابی نے اس دعوے کو مزید تقویت دے دی ہے۔