عالمی بینک نے پاکستان کے بجلی کے ترسیلی نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
عالمی بینک کے مطابق یہ مالی معاونت 10 سالہ توانائی پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد قومی پاور گرڈ کو مضبوط بنانا، بجلی کی ترسیل کو بہتر بنانا اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ میں معاونت کرنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے بجلی کی قیمتوں اور لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں مدد ملے گی جبکہ 640 میگا واٹ اضافی ونڈ پاور قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔
عالمی بینک کے مطابق اس منصوبے سے ہر سال تقریباً 8 لاکھ 32 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی متوقع ہے جس سے ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔
منصوبے کے تحت پاکستان کے بجلی کے نظام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے زیادہ محفوظ اور پائیدار بنایا جائے گا جبکہ حکومت کے پاور سیکٹر اصلاحاتی پروگرام کو بھی مزید مضبوطی ملے گی۔ اس کے ساتھ بجلی کی ترسیل کا نظام زیادہ مستحکم ہوگا اور قابلِ تجدید توانائی کے استعمال میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔