ایس ای سی پی کا بڑا اقدام، اسٹاک مارکیٹ میں اکاؤنٹ کھلوانا پہلے سے زیادہ آسان

image

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کیپٹل مارکیٹ اور انشورنس شعبے میں سرمایہ کاروں کی سہولت اور مالیاتی نظام میں شفافیت بڑھانے کے لیے جدید ڈیجیٹل تصدیقی نظام متعارف کرا دیا ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ ریگولیشنز 2020 میں ترامیم کے تحت اب سرمایہ کاروں اور صارفین کی تصدیق بینک اکاؤنٹ کے آئی بی اے این کے ذریعے کی جا سکے گی۔ اس کے ساتھ ہی کیپٹل مارکیٹ اور انشورنس اکاؤنٹس کو نادرا کے نظام سے بھی منسلک کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے بلاک شدہ شناختی کارڈز سے منسلک سرمایہ کاری اکاؤنٹس فوری طور پر بلاک کیے جا سکیں گے۔

نئے نظام کے تحت اسٹاک مارکیٹ میں نیا اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے بار بار بائیو میٹرک تصدیق اور اضافی دستاویزات فراہم کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ سیکیورٹیز بروکرز، انشورنس کمپنیوں، نان بینکنگ فنانس کمپنیوں اور مضاربہ کمپنیوں کو بھی آئی بی اے این کے ذریعے صارفین کی شناخت کی تصدیق کی سہولت حاصل ہوگی۔

ایس ای سی پی کے مطابق تمام مالیاتی لین دین صرف صارف کے اپنے تصدیق شدہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ممکن ہوگا، جس سے مالیاتی نظام میں شفافیت، سیکیورٹی اور شناختی عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ ریگولیشنز میں جدید بائیو میٹرک تصدیق، بشمول چہرے کی شناخت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ایس ای سی پی کے کمشنر ڈاکٹر کبیر سدھو کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US