کلفٹن: بینک کے باہر 25 لاکھ روپے کی ڈکیتی، فائرنگ سے نوجوان قتل

image

کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن پر نجی بینک کے باہر ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، جبکہ ملزمان 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق، آکاش نامی نوجوان اپنے والد اور ایک ساتھی کے ہمراہ تین تلوار کے قریب واقع نجی بینک سے 50 لاکھ روپے کی رقم نکلوا کر بوٹ بیسن پر موجود دوسرے بینک میں جمع کرانے پہنچا تھا، جہاں گھات لگائے مسلح ملزمان نے ان کی کار پر دھاوا بول دیا۔

اس دوران بینک کے سیکیورٹی گارڈ نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں ڈاکوؤں نے بھی اندھا دھند گولیاں چلائیں۔

ملزمان کی گولیوں کا نشانہ بن کر نوجوان آکاش موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ حملہ آور 25 لاکھ روپے سے بھرا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US