پاک ایم ایم اے کانٹینڈر سیریز: جڑواں بہنوں کا میدان مارنے کے بعد راشد گجر اور اورنگزیب کی شاندار فتوحات

image

پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام لاہور کے 'فائٹ ایچ کیو' میں پہلی 'پاک ایم ایم اے ایکٹیوٹ کانٹینڈر سیریز' کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے بہترین مارشل آرٹس ایتھلیٹس کے درمیان 12 سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے۔

اس سیریز کا بنیادی مقصد ملکی مقابلوں اور بین الاقوامی معیار کے درمیان موجود فرق کو ختم کرنا اور 'آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ چیمپیئن شپ' کے لیے پاکستانی ٹیلنٹ کو تیار کرنا ہے۔ ایونٹ کی خاص بات ہنزہ سے تعلق رکھنے والی جڑواں بہنوں منیحہ علی اور ملیحہ علی، ابھرتے ہوئے نوجوان اسٹار اورنگزیب احمد اور سابق نیشنل ریسلنگ چیمپیئن راشد گجر کی تاریخی فتوحات تھیں۔

قومی چیمپیئن منیحہ علی نے کراچی کی امامہ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر 'فائٹ آف دی نائٹ' کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ان کی جڑواں بہن ملیحہ علی نے ووشو اور کک باکسنگ میں اپنی مہارت کا لوہا منواتے ہوئے اپنے سے 5 کلو گرام وزنی حریف کو چت کیا۔ دوسری جانب، سابق ریسلنگ چیمپیئن راشد گجر نے قربان خان کو شکست دے کر نیشنل چیمپیئن شپ کے فائنل میں ملنے والی ہار کا حساب برابر کیا، اور نوجوان سنزیشن اورنگزیب احمد نے اپنے حریف کو شاندار ناک آؤٹ کر کے اگست میں ابوظہبی میں ہونے والی یوتھ ورلڈ چیمپیئن شپ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ یہ تمام ایتھلیٹس اب نومبر میں جارجیا میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ کے لیے اپنی تیاریاں تیز کریں گے۔

ایونٹ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے نوجوانوں میں ایم ایم اے کے فروغ کے لیے فیڈریشن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو منشیات، جرائم اور سوشل میڈیا کے بے جا استعمال جیسی منفی روایات سے دور رکھ کر نظم و ضبط اور مضبوط کردار کا حامل بناتی ہیں۔

صدر پی اے کے ایم ایم اے ایف عمر احمد نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف میڈلز جیتنا نہیں بلکہ اسکولوں سے لے کر عالمی سطح کے پروفیشنل پلیٹ فارمز (جیسے BRAVE CF اور UAE Warriors) تک ایک مکمل اور پائیدار اسپورٹس ایکو سسٹم بنانا ہے۔ انہوں نے پاکستانی ٹیلنٹ پر بھروسہ کرنے اور مالی تعاون فراہم کرنے پر 'ایکٹیوٹ' اور رضوان آفتاب احمد کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جن کے تعاون سے یہ ایونٹ بہترین طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US