جہاں اکثر لوگ 90 برس کی عمر میں آرام کو ترجیح دیتے ہیں، وہیں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 91 سالہ ایلن اسٹل نے اسکائی ڈائیونگ کر کے سب کو حیران کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایلن اسٹل نے سرے کے ایک کمیونٹی سینٹر کے لیے 5 ہزار ڈالر جمع کرنے کی غرض سے یہ جرات مندانہ قدم اٹھایا۔ کمیونٹی سینٹر نے ان کی اسکائی ڈائیونگ کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ان کی ہمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایلن اسٹل نے اپنے تجربے کو سنسنی خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے کا لمحہ ناقابلِ فراموش تھا اگرچہ یہ لمحہ بہت جلد گزر گیا۔ انہوں نے کہا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ 91 سال کی عمر میں ایسا کارنامہ انجام دوں گا، لیکن اب دوبارہ اسکائی ڈائیونگ کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔
اس منفرد کارنامے پر کمیونٹی سینٹر کے عملے نے انہیں ان کی اسکائی ڈائیونگ کی تصویر سے مزین ایک خصوصی مگ بھی تحفے میں دیا۔