افغان مہاجر خواتین کرکٹرز کے لیے عالمی مقابلوں کے دروازے کھل گئے

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے افغان مہاجر خواتین کرکٹرز کو عالمی سطح پر کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے 2030 تک انہیں عالمی کوالیفائنگ مقابلوں میں شامل کرنے کا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔

آئی سی سی نے اس مقصد کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کو دوبارہ فعال کر دیا ہے جو کھلاڑیوں کی تربیت، میچز اور ترقیاتی پروگراموں کی نگرانی کرے گی۔ آئی سی سی کے تعاون سے کھلاڑیوں کو کوچنگ، فزیوتھراپی، تربیتی کیمپس اور بین الاقوامی دوروں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے کھیلوں پر پابندیوں کے باعث یہ کرکٹرز افغانستان کے نام سے نہیں کھیل سکیں گی کیونکہ انہیں افغانستان کرکٹ بورڈ کی سرپرستی حاصل نہیں۔ تاہم انہیں ایک الگ شناخت کے تحت بین الاقوامی کرکٹ میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔

زیادہ تر افغان خواتین کرکٹرز 2021 کے بعد آسٹریلیا منتقل ہو گئی تھیں جبکہ کچھ برطانیہ اور کینیڈا میں مقیم ہیں۔ کھلاڑیوں نے آئی سی سی کے اس فیصلے کو اپنے مستقبل کے لیے امید افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب انہیں عالمی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا واضح راستہ مل گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US