بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل میں نمبر تین کی پوزیشن پر 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
37 سالہ کوہلی کو اس سنگ میل کے لیے محض 12 رنز درکار تھے جو انہوں نے 13ویں گیند پر حاصل کیے، جبکہ انہوں نے یہ کارنامہ محض 251 اننگز میں انجام دیا۔ اس پوزیشن پر 61.55 کی اوسط سے بیٹنگ کرتے ہوئے وہ 48 سنچریز اور 70 نصف سنچریز بنا چکے ہیں۔
اس فہرست میں آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 12 ہزار 662 رنز کے ساتھ دوسرے اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا 9 ہزار 747 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ موجودہ دور کے فعال کھلاڑیوں میں پاکستان کے بابر اعظم 6 ہزار 54 رنز اور انگلینڈ کے جو روٹ 5 ہزار 525 رنز کے ساتھ ویرات کوہلی کے اس ریکارڈ سے ہزاروں رنز دور ہیں۔