تاجروں کے ساتھ ناروا سلوک ناقابل برداشت، ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کا کل شٹر ڈاؤن کا اعلان

image

کراچی سمیت ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار کل ہڑتال کے باعث بند رہے گی۔

کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جوڑیا بازار، لی مارکیٹ، ڈانڈیا بازار، نانک واڑہ سمیت لانڈھی، ملیر، کورنگی اور لیاقت آباد کی ہول سیل اجناس کی دکانیں کل مکمل طور پر بند رکھی جائیں گی، جس کے باعث ملک بھر میں اجناس کی سپلائی بھی معطل رہے گی۔

چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے تاجروں پر پولیس اور انتظامیہ کی کارروائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے کی قیمتوں کو جواز بنا کر دکانداروں کی گرفتاریاں، چالان، دکانیں سیل کرنا اور انہیں ہراساں کرنا کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دکانداروں کو پچاس ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک کے چالان کے نمبرز تو دیے گئے لیکن کسی بھی دکاندار کو کوئی تحریری چالان نہیں دیا گیا، بلکہ چالان کی ادائیگی کے نام پر صرف 'ایزی پیسہ' کا نمبر فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ جوڑیا بازار کی متعدد دکانیں تاحال سیل ہیں۔

ڈیلرز اور ہول سیلرز نے انتظامیہ کے دوہرے معیار پر سوال اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بازاروں میں مہنگا آٹا فلور ملز مالکان کی طرف سے آ رہا ہے، لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی یا چالان کرنے کے بجائے صرف چھوٹے تاجروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ہول سیلرز کا مطالبہ ہے کہ کارروائی اور چالان فلور ملز کے خلاف کیے جائیں جہاں سے مہنگی سپلائی آ رہی ہے، نہ کہ دکانداروں کو ہراساں کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US