بھارت کے معروف تعلیمی ادارے آئی آئی ٹی مدراس کی 2026 کی تقریبِ اسناد میں ایک منفرد اور یادگار منظر دیکھنے کو ملا، جہاں 45 سالہ ماں جگیشا ٹیلر اور ان کے 21 سالہ بیٹے آدتیہ کپاڈیا نے ایک ہی اسٹیج پر اپنی ڈگریاں وصول کیں۔
جگیشا ٹیلر نے آن لائن ڈیٹا سائنس پروگرام میں ڈپلومہ مکمل کیا، جبکہ ان کے بیٹے آدتیہ کپاڈیا نے اسی پروگرام میں بیچلر آف سائنس (BS) کی ڈگری حاصل کی۔ دونوں نے کبھی یہ منصوبہ نہیں بنایا تھا کہ وہ ایک ہی دن گریجویٹ ہوں گے، تاہم ایک ہم جماعت کی تجویز پر تقریبِ اسناد میں انہیں ایک ساتھ اسٹیج پر بلایا گیا، جس نے اس لمحے کو مزید یادگار بنا دیا۔
جگیشا ٹیلر نے 2019 میں تدریس کا شعبہ چھوڑ دیا تھا۔ بعد ازاں 2022 میں انہوں نے اپنے بیٹے کو آئی آئی ٹی مدراس کے آن لائن ڈیٹا سائنس پروگرام میں تعلیم حاصل کرتے دیکھ کر خود بھی دوبارہ تعلیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
تعلیم کے دوران ماں اور بیٹا نہ صرف ایک دوسرے کے معاون بنے بلکہ خوشگوار مقابلے کا بھی حصہ رہے۔ دونوں اپنی کارکردگی اور گریڈز کا موازنہ کرتے، بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرتے اور امتحانات، اسائنمنٹس اور زبانی امتحانات کی تیاری میں ایک دوسرے کی بھرپور مدد کرتے رہے۔
آئی آئی ٹی مدراس کا آن لائن بی ایس اِن ڈیٹا سائنس اینڈ ایپلی کیشنز پروگرام طلبہ کو اپنی سہولت کے مطابق تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دیتا ہے، جس کی بدولت جگیشا ٹیلر گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ہر سمسٹر میں محدود مضامین پڑھتی رہیں، جبکہ ان کے بیٹے نے باقاعدگی سے اپنی تعلیم مکمل کی۔
جگیشا ٹیلر نے اس موقع کو اپنی زندگی کا ایک معجزاتی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بیٹے کے ساتھ ایک ہی اسٹیج پر ڈگری وصول کرنا ان کے لیے ناقابلِ فراموش تجربہ تھا۔
یہ منفرد واقعہ اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ سیکھنے کا عمل عمر کا پابند نہیں ہوتا، اور اگر مواقع میسر ہوں تو تعلیم نسلوں کے درمیان فاصلے کم کرنے کے ساتھ خاندانی رشتوں کو بھی مزید مضبوط بناسکتی ہے۔