400 کلو گرام چاندی کی مبینہ چوری اور اسمگلنگ کے مقدمے میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے سابق کلکٹر کسٹمز کرم الٰہی سمیت مزید پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سابق کلکٹر کسٹمز کرم الٰہی بھی شامل ہیں، جبکہ اس سے قبل کسٹمز کے دو افسران عارف اور سمیع اللہ کو بھی اسی مقدمے میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 214 کلو گرام چاندی اور 49 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اپریل میں محکمہ کسٹمز میں 400 کلو گرام چاندی کو سیسے سے تبدیل کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد چاندی کی چوری اور اسمگلنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ کیس میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، جبکہ دو انسپکٹرز سمیت دیگر مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔