اسپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے سپیشل اولمپکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسپیشل پرسنز نیشنل گیمز کا شاندار آغاز ہوگیا ہے۔
نیشنل گیمز کی رنگارنگ افتتاحی تقریب جمنیزیم ہال میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب طارق قریشی تھے۔ ڈی جی اسپورٹس پنجاب نے باقاعدہ طور پر مشعل جلا کر ان کھیلوں کا افتتاح کیا، جبکہ تقریب کے آغاز پر ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ بھی کیا۔
افتتاحی تقریب میں اسپیشل اولمپک کی سی ای او رونق لاکھانی، نیشنل اسپورٹس ڈائریکٹر فرخندہ جبیں، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، ڈائریکٹر پنجاب نزہت رباب، شمائلہ ارم، عاصمہ حسین اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ جمنیزیم ہال میں 16 جولائی تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں پاور لفٹنگ، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں ملک بھر سے 115 سپیشل کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ان گیمز کا بنیادی مقصد چلی میں منعقد ہونے والے ورلڈ اسپیشل گیمز 2027 کے لیے کھلاڑیوں کی بھرپور تیاری کروانا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے اسپیشل بچوں کی نیشنل گیمز میں شرکت انتہائی خوش آئند ہے اور ان گیمز کے انعقاد سے اسپیشل بچوں کا نیا اور بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یوتھ گیمز میں بھی اسپیشل بچوں کے کھیلوں کو باقاعدہ طور پر شامل کیا گیا ہے تاکہ انہیں آگے بڑھنے کے برابر مواقع مل سکیں۔