امریکی ریپر پِٹ بل نے لندن کے بی ایس ٹی ہائیڈ پارک میں ہونے والے اپنے ہاؤس فل کنسرٹ کے دوران ایک منفرد گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کنسرٹ میں 22 ہزار 141 مداحوں نے پِٹ بل کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مصنوعی گنجے سر کی ٹوپیاں پہنیں جس کے بعد ایک ہی مقام پر بالڈ کیپس پہننے والے افراد کے سب سے بڑے اجتماع کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم ہوگیا۔
تقریباً 70 ہزار افراد نے اس تاریخی کنسرٹ میں شرکت کی، جبکہ دنیا بھر کے مداحوں نے اسے پِٹ بل کے سرکاری یوٹیوب چینل پر لائیو بھی دیکھا۔ کنسرٹ میں معروف گلوکار لِل جون اور کیشا نے بھی خصوصی پرفارمنس دی، جبکہ شو کا اختتام شاندار آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ ہوا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے جج ول منفورڈ نے اس منفرد ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق بھی کر دی۔