نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) میں قومی کرکٹرز کے لیے کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اکیڈمی میں کھلاڑیوں کے لیے پیڈل کورٹ بنا دیا گیا ہے۔ اب قومی کرکٹرز کو پیڈل کورٹ کے لیے کہیں دور نہیں جانا پڑے گا بلکہ وہ اکیڈمی کے اندر ہی کرکٹ کے ساتھ ساتھ پیڈل اسپورٹس کا شوق بھی پورا کرسکیں گے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پیڈل اسپورٹس کھیلنے میں نہ صرف آسان ہے بلکہ یہ فٹنس کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔ یہ گیم بہت شوق سے کھیلی جاتی ہے، اس سے قبل کھلاڑی اسے کھیلنے کے لیے دور جایا کرتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کھلاڑیوں کو طویل کیمپس کے دوران ایسا ماحول اور سہولیات فراہم کرنا ہے جس سے ان کا کھیل بہتر ہو سکے۔ طویل کیمپ میں یہ بالکل ضروری نہیں کہ کھلاڑی صرف کرکٹ ہی کھیلیں، بلکہ اب ہر دوسرے روز پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
عاقب جاوید نے مزید بتایا کہ کھلاڑی روزانہ 40 منٹ تک یہ کھیل کھیل سکتے ہیں، اس سے جہاں فٹنس بہتر ہو گی وہیں فوری موومنٹ کی وجہ سے فیلڈنگ میں بھی سو فیصد مدد ملے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ باسکٹ بال کورٹس بنانا بھی ہمارے پلان کا حصہ ہے کیونکہ باسکٹ بال کھیلنے سے بھی کرکٹرز کو نمایاں فائدہ ہو گا۔ اس کے علاوہ کرکٹرز کے لیے ایک گیم روم بھی بنایا جا رہا ہے جہاں اسنوکر سمیت دیگر کھیلوں کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے کھلاڑی صرف اپنا مخصوص کھیل ہی نہیں کھیلتے بلکہ دیگر کھیلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔