چین کی ساؤتھ چائنا ایگریکلچرل یونیورسٹی میں ایک طالب علم اے آئی سے لیس اسمارٹ چشمے کے ذریعے امتحان میں نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
رپورٹس کے مطابق امتحان شروع ہونے کے چند ہی منٹ بعد نگران عملے نے طالب علم کے چشمے کے لینز میں سبز روشنی دیکھی جس پر شک ہونے پر اسے چشمہ اتارنے کا کہا گیا۔ طالب علم نے اعتراف کیا کہ وہ اے آئی اسمارٹ گلاسز استعمال کر رہا تھا۔
یہ جدید چشمہ تصاویر کی مدد سے امتحانی سوالات کا تجزیہ کر کے مختلف اے آئی ماڈلز کے ذریعے فوری جوابات فراہم کرتا ہے۔ طالب علم صرف چشمے کے فریم کو چھو کر سوالات کی تصویر لیتا تھا اور اے آئی اسے جواب مہیا کر دیتا تھا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر اسمارٹ چشموں کے استعمال پر بحث چھڑ گئی جبکہ آن لائن پلیٹ فارمز پر ایسے چشمے کرائے پر دینے اور انہیں خفیہ انداز میں استعمال کرنے کی پیشکشیں بھی سامنے آ رہی ہیں۔