پاکستان ہاکی کی بحالی؛ غیر ملکی کوچز اور ماہرین کا کھلاڑیوں کو جدید خطوط پر تربیت دینے کا عزم

image

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میڈیا سیل کے مطابق، قومی ہاکی ٹیم کے انٹرنیشنل اور ملکی کوچز کے ساتھ ساتھ نامور غیر ملکی ماہرین نے پاکستان ہاکی کی بحالی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اپنے اہم خیالات اور عزم کا اظہار کیا ہے۔

قومی ٹیم کے غیر ملکی فٹنس کوچ ڈیوڈ ڈائر کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جدید ہاکی میں فٹنس کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا بنیادی ہدف پاکستانی کھلاڑیوں کے جسمانی معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانا ہے تاکہ وہ کھیل کے دوران تندہی اور تیز رفتاری کے ساتھ طویل وقت تک بغیر تھکے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ ڈیوڈ ڈائر نے امید ظاہر کی کہ سائنسی بنیادوں پر ترتیب دیے گئے فٹنس پروگرامز سے کھلاڑیوں کے اسٹیمنا میں واضح بہتری آئے گی۔

گول کیپنگ کوچ اور پنالٹی کارنر اٹیک و ڈیفنس اسپیشلسٹ باب ویلڈوف نے تکنیکی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنالٹی کارنر کسی بھی میچ کا رخ بدلنے میں اہم ترین ہتھیار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کے دفاعی اور جارحانہ (اٹیک و ڈیفنس) میکانزم پر خصوصی کام کر رہے ہیں تاکہ پنالٹی کارنرز کو گول میں تبدیل کرنے کی شرح کو بڑھایا جا سکے اور ساتھ ہی حریف ٹیم کے پنالٹی کارنرز کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے گول کیپرز کی جدید تربیت پر بھی زور دیا تاکہ وہ دباؤ کے وقت درست فیصلے لے سکیں۔

ٹیکنیکل کوچ اور اسپورٹس سائیکالوجسٹ کرس بوون نے کھلاڑیوں کی ذہنی پختگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیل صرف جسمانی طاقت کا نام نہیں بلکہ یہ اعصاب کی جنگ بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بطور اسپورٹس سائیکالوجسٹ ان کا مقصد کھلاڑیوں کے ذہنی دباؤ کو دور کرنا، ان میں جیتنے کا جذبہ بیدار کرنا اور میدان میں دباؤ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ان کی ذہن سازی کرنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تکنیکی مہارت کے ساتھ ساتھ مضبوط اعصاب کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر فتوحات دلانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی اور موجودہ کوچنگ اسٹاف کے رکن عدنان زاکر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ماہرین کی موجودگی پاکستانی ہاکی کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور بین الاقوامی کوچز کا یہ اشتراک قومی کھلاڑیوں کو جدید ہاکی کی باریکیاں سکھانے میں انتہائی مددگار ثابت ہو رہا ہے اور اس مشترکہ کوششوں کے مثبت نتائج جلد ہی میدان میں نظر آئیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US