انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔ 14 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت اب ورلڈ کپ سے قبل گروپ مرحلے میں سپر سیریز راؤنڈ شامل کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق، اس نئے فارمیٹ کا بنیادی مقصد ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی ہر میچ کی اہمیت کو بڑھانا ہے۔ ورلڈ کپ میں اب تین مرحلوں پر مشتمل مقابلوں کی بنیاد پر نیا نظام نافذ ہوگا، جس کے تحت سپر 7 مرحلے میں سات بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوں گی اور ان میں سے ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ آئی سی سی کا ماننا ہے کہ اس نئے فارمیٹ سے مقابلے مزید سخت اور دلچسپ ہوں گے۔
دوسری جانب، 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی 20 ورلڈ کپ کا گروپ مرحلہ بھی اب نئے انداز میں کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے میں اب 8 کے بجائے 10 ٹیمیں جگہ بنائیں گی اور ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 10 مرحلے میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان ایلیمنیٹر میچز کھیلے جائیں گے اور ایلیمنیٹر جیتنے والی ٹیمیں ہی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر پائیں گی۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس نئے فارمیٹ کی بدولت ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے تک مقابلوں کی سنسنی برقرار رہے گی۔
مزید برآں، ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل ایک نیا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ بھی تجویز کیا گیا ہے، جو ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کھیلا جائے گا۔ اس نئے ٹورنامنٹ کا مقصد ایسوسی ایٹ ممالک کو اعلیٰ معیار کا عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے اور اس نئے ٹورنامنٹ کی حتمی منظوری نومبر میں شیڈول آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں متوقع ہے۔
اس کے ساتھ ہی، آئی سی سی بورڈ نے 2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ نظام کی بھی منظوری دے دی ہے، جس میں اسکاٹ لینڈ کو 2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائر میں خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ اس نظام کے تحت مختلف ریجنز کے ذریعے ٹیمیں گلوبل کوالیفائر میں جگہ بنائیں گی اور گلوبل کوالیفائر میں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیمیں ہی 2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرسکیں گی۔