فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے چھوٹے دکانداروں اور ریٹیلرز کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار متعارف کراتے ہوئے ان لینڈ ریونیو افسران کے گرین پلیٹ رکھنے والی دکانوں میں ٹیکس معاملات کے سلسلے میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
ایف بی آر نے اس حوالے سے ایس آر او 1109-2026 جاری کر دیا ہے، جس کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کو ایک مخصوص گرین پلیٹ جاری کی جائے گی، جسے دکان کے باہر نمایاں مقام پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔ گرین پلیٹ پر ایف بی آر کا کیو آر کوڈ، دکاندار کا نام، این ٹی این اور دکان کا پتہ درج ہوگا، جبکہ کیو آر کوڈ میں دکان کے مقام اور ملکیت سے متعلق معلومات بھی موجود ہوں گی۔
ایف بی آر کے مطابق اس خصوصی نظام کے تحت رجسٹرڈ حقیقی دکانداروں کی دکانوں میں ٹیکس معاملات کے حوالے سے کوئی ان لینڈ ریونیو افسر یا اہلکار داخل نہیں ہوگا۔
نئے طریقہ کار کے تحت دکاندار آئی آر آئی ایس (IRIS) ویب پورٹل یا موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے ایک سادہ ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں گے، جس میں مجموعی فروخت، مجموعی خریداری، دیگر اخراجات، خالص منافع اور جائز اثاثوں کی تفصیلات درج کی جائیں گی۔
ایف بی آر کے مطابق اس اسکیم کے تحت مجموعی کاروباری حجم پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ دکاندار قابلِ ادائیگی ٹیکس میں سے ودہولڈنگ انکم ٹیکس کی رقم بھی منہا کرسکیں گے۔
یہ خصوصی طریقہ کار ان حقیقی دکانداروں پر لاگو ہوگا جن کی آمدنی بنیادی طور پر ریٹیل کاروبار سے حاصل ہوتی ہو اور جن کا سالانہ کاروباری حجم 20 کروڑ روپے تک ہو۔ تاہم ایک سے زائد دکانوں کے مالکان، ٹیئر ون ریٹیلرز، زیورات فروخت کرنے والے افراد اور ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا سمیت پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والے افراد اس اسکیم میں شامل نہیں ہوں گے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ یہ طریقہ کار ٹیکس سال 2026 کے لیے نافذ ہوگا، جبکہ دکاندار موبائل ایپ یا قریبی ٹیکس دفتر کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کراسکتے ہیں۔