فرانس میں تیز آندھی سے موسم کا مزاج تبدیل، درجہ حرارت منٹوں میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ کم

image

فرانس کے ساحلی علاقے ہینڈائے میں شدید گرمی کے دوران اچانک چلنے والی تیز آندھی نے چند ہی منٹوں میں موسم کا مزاج بدل کر رکھ دیا، جس کے باعث درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہینڈائے ساحل پر بڑی تعداد میں شہری شدید گرمی سے بچنے اور سمندر کی ٹھنڈی لہروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے جمع تھے کہ اچانک گہرے بادل چھا گئے اور تیز ہواؤں کے باعث شہریوں کو اپنا سامان سمیٹ کر محفوظ مقامات کی طرف بھاگنا پڑا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فرانس ان دنوں شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم اس ساحلی مقام پر اچانک آنے والے اس طوفان کے باعث محض 6 منٹ کے اندر درجہ حرارت 39 ڈگری سے گر کر 11 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا اور گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم انتہائی ٹھنڈا ہوگیا۔

اس حیرت انگیز موسمی تبدیلی اور تیز آندھی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں جن میں ساحل پر موجود شہریوں کو اچانک آنے والے طوفان سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US