لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے امتحانی ڈیوٹیاں انجام دینے والے اساتذہ اور امتحانی عملے کے لیے بڑی خوشخبری دیتے ہوئے ان کے معاوضوں میں 50 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
بورڈ حکام کے مطابق نئے فیصلے کے تحت سپرنٹنڈنٹ کا یومیہ معاوضہ ایک ہزار 560 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار 340 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کا معاوضہ ایک ہزار 260 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 890 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح نگران عملے کا یومیہ معاوضہ ایک ہزار روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 500 روپے کردیا گیا ہے۔
مزید برآں، موبائل انسپکٹر کا معاوضہ ایک ہزار 80 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 620 روپے، ڈسٹری بیوٹر انسپکٹر کا ایک ہزار 200 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 800 روپے اور پریکٹیکل ایگزامینر کا معاوضہ ایک ہزار 540 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار 310 روپے کردیا گیا ہے۔
کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ، توصیف الرحمان نے کہا کہ معاوضوں میں یہ اضافہ امتحانی عملے کی محنت، دیانت داری اور امتحانات کے شفاف انعقاد میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے سے اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور امتحانی نظام مزید مؤثر انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔