پنجاب میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس داخلوں کی پالیسی جاری، میرٹ میں ایم ڈی کیٹ کے 50 فیصد نمبر شامل ہوں گے

image

پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کی پالیسی جاری کر دی گئی ہے، جس کے تحت مرکزی داخلوں کا عمل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) انجام دے گی۔

داخلہ پالیسی کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی ہوگا، جبکہ میرٹ کا تعین ایم ڈی کیٹ کے 50 فیصد، ایف ایس سی کے 40 فیصد اور میٹرک کے 10 فیصد نمبروں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

پالیسی میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے ایف ایس سی میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ امیدوار کے لیے بائیولوجی اور کیمسٹری کے مضامین پاس کرنا ضروری ہوگا، جبکہ فزکس یا ریاضی میں سے کسی ایک مضمون میں کامیابی بھی لازمی ہوگی۔

سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہش مند امیدواروں کو درخواست دیتے وقت تمام کالجز کی ترجیحات درج کرنا ہوں گی، تاہم نجی میڈیکل کالجز کے لیے ترجیحات کی تعداد پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

داخلہ پالیسی کے تحت میرٹ لسٹ میں منتخب ہونے والے امیدواروں کو فیس جمع کرانے کے لیے تین ورکنگ دنوں کی مہلت دی جائے گی۔ مقررہ مدت کے اندر فیس جمع کرانا ضروری ہوگا۔

دوسری جانب سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں اوپن میرٹ پر سالانہ ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ نئی پالیسی کا اطلاق تعلیمی سیشن 2026-27 کے داخلوں پر ہوگا۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US