آئی سی سی بورڈ کے اہم فیصلے؛ ماریشس 111 واں رکن بن گیا، ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے لیے بھاری قرضہ منظور

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایڈنبرا میں ہونے والے اجلاس کے دوران گورننس اور رکنیت سے متعلق اہم فیصلے کرتے ہوئے دو نئی سب کمیٹیاں قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ان کمیٹیوں میں گورننس ریویو کمیٹی شامل ہے جس کے چیئرمین دیواجیت سائیکیا ہوں گے جبکہ ڈاکٹر موسی جی اور ڈاکٹر روز ریواج اس کے ممبران ہوں گے۔ دوسری کمیٹی فرنچائز لیگ کے لیے بنائی گئی ہے جس کے چیئرمین تمیم اقبال ہوں گے جبکہ دیگر اراکین میں ڈاکٹر روڈی وین وورن، دیواجیت سائیکیا، رچرڈ گولڈ اور ٹوڈ گرین برگ شامل ہیں۔ اس اجلاس کے دوران ماریشس کو باقاعدہ طور پر آئی سی سی کا 111واں رکن تسلیم کرلیا گیا ہے۔

اجلاس میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے لیے ایک کروڑ 28 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر کے قرضے کی منظوری دی گئی، جبکہ کرکٹ کینیڈا کی بحالی کے لیے شرائط تو منظور کرلی گئیں لیکن اس کی معطلی تاحال برقرار رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آئی سی سی نے سری لنکا کرکٹ میں جلد انتخابات کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور فیصلہ برقرار رکھا ہے کہ سری لنکا کرکٹ کو فی الحال آئی سی سی کے اجلاسوں میں نمائندگی کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے نو منتخب صدر کو آئی سی سی کا فل ممبر ڈائریکٹر تسلیم کرلیا گیا ہے، جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر فرانس کرکٹ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کرکٹ کو مزید ممالک تک پہنچانے اور اس کے فروغ کے لیے اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US