نامور برطانوی باکسر عامر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک بہترین ملک ہے اور ان کا خواب یہاں باکسنگ اکیڈمیز قائم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں اکیڈمی کھولنے کے بعد اب وہ کراچی کے علاقے لیاری میں اکیڈمی کھولنا چاہتے ہیں کیونکہ وہاں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
انہوں نے گلہ کیا کہ پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے انہیں اب تک صحیح لوگ نہیں ملے، اس لیے وہ خود اپنے پیسے لگا کر اکیڈمی بنانا چاہتے ہیں تاکہ کسی بڑے گراؤنڈ پر انحصار نہ کرنا پڑے۔ عامر خان نے پروفیشنل باکسنگ بورڈ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ فیک فائٹس کا خاتمہ ممکن ہوسکے، جبکہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کو نوجوان اور پرعزم قیادت قرار دیا۔
فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے لیاری میں فٹبال میچ دیکھنے کے تجربے کو شاندار قرار دیا اور خواہش ظاہر کی کہ سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم اچھا کھیل پیش کر کے کامیابی حاصل کرے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان نادر بلوچ نے بتایا کہ ان کی عامر خان سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی جہاں انہوں نے باکسر کو لیاری آنے کی دعوت دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عامر خان جیسے بڑے ایتھلیٹس کی آمد سے کراچی کے نوجوانوں کا شوق بڑھے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے لیاری میں
ملٹی اسپورٹس گراؤنڈ بنانے کے ساتھ ساتھ میچز دیکھنے کے لیے 100 فٹ کی بڑی اسکرین بھی لگوائی ہے، اور گزشتہ روز عامر خان نے جس گراؤنڈ کا دورہ کیا اس کا افتتاح بھی بلاول بھٹو نے ہی کیا تھا۔