ملک میں دو ہفتے کا پیٹرول باقی، سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ، آئل کمپنیز کا حکومت کو ہنگامی مراسلہ

image

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو ایک ہنگامی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں صرف دو ہفتے (15 روز) کا پیٹرول کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے۔

مراسلے میں ملک بھر بالخصوص اپ کنٹری علاقوں میں پیٹرول کی شدید قلت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے فوری حکومتی مداخلت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ او سی اے سی کے مطابق اس وقت ملک میں صرف 3 لاکھ 70 ہزار ٹن پیٹرول کا ذخیرہ موجود ہے، اور کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر کے باعث پیٹرول کی سپلائی چین شدید متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا درآمدی کارگو منظور نہ ہونے سے سپلائی پر دباؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

مراسلے میں پیٹرولیم درآمدات پر بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات میں نمایاں اضافے اور شدید مالی مشکلات کا ذکر کیا گیا ہے۔ او سی اے سی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رننگ کیپیٹل کی کمی کو دور کرنے کے لیے تیل کمپنیوں کے 66 ارب 70 کروڑ روپے کے زیر التوا پی ڈی سی کلیمز اور دیگر واجبات فوری ادا کیے جائیں۔

مزید برآں، مراسلے میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ ویبوک (WeBOC) سسٹم کے ذریعے درآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی کسٹمز کلیئرنس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فی الفور دور کیا جائے تاکہ سپلائی برقرار رکھی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US