آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام سمر کیمپ 2026، چار ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کی شرکت

image

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے زیر اہتمام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے چار ہزار سے زیادہ طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

سمر کیمپ کے دوران رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد نے شرکا کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں پاکستان کے ماضی، حال اور مستقبل، دو قومی نظریے اور قومی شعور سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو کی گئی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ نظریۂ پاکستان وہ فکری بنیاد ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ شناخت اور آزاد وطن کے حصول کے لیے متحد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں، بالخصوص اقلیتوں، کو مذہبی، سماجی اور قانونی حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں اور اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک نے اس کے نام نہاد سیکولر تشخص پر کئی سوالات کھڑے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف ہمیشہ اصولی، واضح اور مستقل رہا ہے۔

ڈاکٹر انیس احمد نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تاریخ کا گہرائی سے مطالعہ کریں، تحقیق اور مستند ذرائع کی مدد سے اپنی آزادانہ رائے تشکیل دیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی ترقی اور تعمیرِ نو میں مؤثر کردار ادا کریں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ 2026 کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، قومی شعور کو فروغ دینا اور انہیں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US