سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی خصوصی 'ٹاک سیریز' میں معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد کو 25 لاکھ تک بڑھانا ایس ای سی پی کا بنیادی ہدف ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرمایہ کاروں کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کا عمل مزید آسان بنایا جا رہا ہے جبکہ ڈیجیٹل اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید محفوظ اور سہل بنایا جا رہا ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی نے مزید کہا کہ ان اصلاحات کا اصل مقصد ملکی سرمایہ مارکیٹ کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے، اور نوجوانوں سمیت نئے سرمایہ کاروں کو سرمایہ مارکیٹ کی طرف راغب کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی عارف حبیب نے کہا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں ٹی پلس ون (T+1) سیٹلمنٹ سسٹم کامیابی سے مستحکم ہو رہا ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق، اس خصوصی ٹاک سیریز کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں اور دیگر شرکاء کو ممتاز کاروباری رہنماؤں کے تجربات اور کامیابی کے سفر سے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
سرمایہ کاری میں صبر اور مستقل مزاجی ہی کامیابی کی اصل بنیاد ہے، عارف حبیب
دوسری جانب ایس ای سی پی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے کہا ہے کہ گزشتہ 22 برس کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے اوسطاً 22 فیصد سالانہ منافع دیا ہے، جبکہ گزشتہ پانچ برس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 14 فیصد ڈالرائزڈ ریٹرن (ڈالر کی قدر میں منافع) فراہم کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستحکم اور طویل مدتی سرمایہ کاروں کے لیے اسٹاک مارکیٹ بالکل پرخطر نہیں ہے کیونکہ مضبوط کمپنیوں میں کی جانے والی طویل مدتی سرمایہ کاری دولت میں مسلسل اضافے کا باعث بنتی ہے۔
عارف حبیب کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ آنا ایک قدرتی عمل ہے لیکن ہر مندی یا اتار چڑھاؤ کے سائیکل کے بعد مارکیٹ میں بحالی بھی لازمی ہوتی ہے، اسی لیے سرمایہ کاری میں صبر اور مستقل مزاجی ہی کامیابی کی اصل بنیاد ہے اور طویل مدتی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کار ہمیشہ سب سے زیادہ فائدہ حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معاشی ترقی کے لیے اسٹاک مارکیٹ کا فروغ ناگزیر ہے اور نوجوانوں میں اسٹاک مارکیٹ سے متعلق آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ کیپٹل مارکیٹ نوجوانوں کے لیے ہزاروں نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔