انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے دونوں میگا ایونٹس کے فارمیٹس میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز نئے سپر سیریز مرحلے سے ہوگا جس میں 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ سپر سیریز کی فاتح ٹیم دوسرے مرحلے میں پہنچے گی، جہاں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس مرحلے کے بعد مجموعی طور پر 7 ٹیمیں سپر 7 کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں سے ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی۔
دوسری جانب 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں "سپر 8" کی جگہ "سپر 10" مرحلہ متعارف کرایا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 20 ٹیموں کو پانچ گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جبکہ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر 10 میں جگہ بنائیں گی۔
سپر 10 مرحلے میں دونوں گروپس کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہِ راست سیمی فائنل کھیلیں گی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن کی ٹیموں کے درمیان پہلی بار ایلیمینیٹر میچز ہوں گے، جن کے فاتح سیمی فائنل میں پہنچیں گے۔
آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ کونسل کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹس کا مقصد پہلے ہی میچ سے ہر مقابلے کو زیادہ اہم، سنسنی خیز اور مسابقتی بنانا ہے