فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 2-1 کی ڈرامائی فتح کے بعد ارجنٹینا کی قومی ٹیم ممکنہ تادیبی کارروائی کی زد میں آ گئی۔
میچ کے اختتام پر ارجنٹینی مڈفیلڈر جیووانی لو سیلسو اور دفاعی کھلاڑی نکولاس اوتامندی نے مالویناس ارجنٹینا کا حصہ ہے لکھا ہوا بینر اٹھا کر جشن منایا جس پر تنازع کھڑا ہو گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بینر فاکلینڈ جزائر پر ارجنٹینا کے دعوے کی علامت ہے جبکہ فیفا اور انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن بورڈ کے قوانین کے تحت میچوں کے دوران سیاسی نوعیت کے نعروں، علامات یا بینرز کی نمائش ممنوع ہے، جس پر کھلاڑیوں یا پوری ٹیم کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب ارجنٹینا کی نائب صدر وکٹوریہ ویارویل نے بھی سوشل میڈیا پر مالویناس ارجنٹینا کا ہے کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس بینر کو اسٹیڈیم میں لانے سے روکا گیا تھا لیکن یہ دعویٰ ہر ارجنٹینی کے دل میں موجود ہے۔
واضح رہے کہ مالویناس وہ نام ہے جو ارجنٹینا برطانوی زیرِ انتظام فاکلینڈ جزائر کے لیے استعمال کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ان جزائر کی ملکیت کا تنازع کئی دہائیوں پرانا ہے اور 1982 کی فاکلینڈ جنگ بھی اسی تنازع کا نتیجہ تھی۔