ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے معروف اسلامی اسکالر اور داعی شیخ حسین یی کی اسلام قبول کرنے کی داستان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔ چینی نژاد بدھ مت خاندان میں پیدا ہونے والے شیخ حسین یی نے نوجوانی میں مختلف مذاہب کا مطالعہ کیا۔ ایک مرحلے پر انہوں نے عیسائیت کو بھی قریب سے جاننے کی کوشش کی، مگر روحانی اطمینان نہ ملنے پر انہوں نے اسلام کا گہرائی سے مطالعہ شروع کیا۔
طویل غور و فکر اور تحقیق کے بعد انہوں نے 1968ء میں 18 سال کی عمر میں اسلام قبول کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی زندگی دینی تعلیم اور دعوتِ اسلام کے لیے وقف کر دی۔ اس مقصد کے لیے وہ سعودی عرب گئے، جہاں مدینہ یونیورسٹی سے عربی زبان اور اسلامی علوم کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔
شیخ حسین یی آج دنیا بھر میں ایک ممتاز مبلغ اور اسلامی اسکالر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ وہ ملائیشیا میں قائم تنظیم "الخادم" کے بانی اور صدر ہیں۔ اس کے علاوہ وہ نو مسلم افراد کی رہنمائی کرنے والے ادارے "پرکم" (PERKIM) میں بطور کونسلر اور مبلغ خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 1984ء سے 1985ء تک ہانگ کانگ اسلامک سینٹر میں ڈائریکٹر دعوت کی ذمہ داریاں بھی نبھاتے رہے۔
اپنے پُرخلوص اندازِ بیان، سادہ اسلوب اور مؤثر دعوتی خدمات کے ذریعے شیخ حسین یی دنیا کے مختلف ممالک میں لاکھوں افراد تک اسلام کا پیغام پہنچا چکے ہیں، جبکہ ان کی زندگی کا سفر آج بھی بہت سے لوگوں کے لیے تحقیق، جستجو اور ہدایت کی ایک متاثر کن مثال سمجھا جاتا ہے۔