بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول سے وفاداری کی ایک جذباتی داستان سامنے آئی ہے جہاں ایک پالتو کتا اپنے مالک کی وفات کا غم برداشت نہ کر سکا اور ان کے جنازے کے دوران ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
رپورٹس کے مطابق 15 سالہ کتا "ڈگو" اپنے مالک پرادیپ جین سے بے حد مانوس تھا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مالک کے انتقال کے بعد وہ مسلسل بے چین رہا اور پوری رات ان کی میت کے قریب پہنچنے کی کوشش کرتا رہا۔
جب آخری رسومات کے لیے جنازہ روانہ ہوا تو ڈگو بھی خاموشی سے اس کے ساتھ چل پڑا۔ تاہم کچھ ہی فاصلے پر وہ اچانک زمین پر گر گیا اور موقع پر ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔
اہلِ خانہ کے مطابق ڈگو گزشتہ 15 برس سے خاندان کا حصہ تھا اور اپنے مالک سے اس کی غیرمعمولی وابستگی تھی۔ اسی محبت اور وفاداری کے احترام میں خاندان نے اسے بھی اپنے مالک کی قبر کے قریب سپردِ خاک کر دیا۔