کراچی: منگھوپیر میں بلڈر کے آفس پر فائرنگ، 5 کروڑ روپے بھتہ مانگنے کا مقدمہ درج

image

کراچی کے علاقے منگھو پیر میں گزشتہ روز فائرنگ اور بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ تھانہ منگھوپیر میں درج کرلیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ رائل گلف ریزیڈنسی کے سیکیورٹی انچارج حسن نعمان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق، مدعی شام 4 سے 5 بجے کے دوران اپنے آفس میں کام میں مصروف تھا کہ اچانک باہر سے فائرنگ کی آواز آئی۔ باہر جا کر سیکیورٹی گارڈ سے معلومات حاصل کرنے پر پتا چلا کہ شلوار قمیض میں ملبوس دو موٹر سائیکل سواروں نے گارڈز اور آفس پر سیدھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں آفس کی دیوار اور دروازے پر گولیوں کے نشانات بھی موجود ہیں۔

متن میں مزید بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے کچھ دیر بعد آفس کے نمبر پر ایک بیرون ملک کے نمبر سے پیغام موصول ہوا، جس میں لکھا تھا کہ "ہم عزیر گروپ لیاری گینگ وار صمد کاٹھیاواڑی گروپ سے ہیں، ہمیں پانچ کروڑ روپے بھتہ دو ورنہ جان سے مار دیں گے۔" واقعے کے فوراً بعد 15 مددگار پولیس کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد باقاعدہ مقدمہ درج کروا دیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US