وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں ڈویژنل سطح پر قائم کیے گئے 300 'نواز شریف اسکولز آف ایمیننس' کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جہاں طلبہ کو جدید سہولیات کے ساتھ عالمی معیار کی مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ ان تعلیمی اداروں کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ایک طالب علم سے کروایا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلنے والے اس منصوبے سے قومی خزانے پر بوجھ ڈالے بغیر ہر سال 5 سے 10 لاکھ طلبہ کو مفت تعلیم دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ان اسکولوں میں روبوٹکس، سائنس، کمپیوٹر اور اسٹیم (STEM) لیبارٹریز سمیت جدید ترین انفراسٹرکچر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ تدریسی عملہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ معاشرے کے ہر طبقے کے بچوں کو یکساں تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔