ون ونڈو لسٹنگ، ڈیجیٹل انضمام اور صکوک مارکیٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا فیصلہ

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سرمایہ کاری کی منڈیوں میں اصلاحات پر تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیپٹل مارکیٹ کو نجی شعبے کے لیے طویل المدتی مالی وسائل کی مؤثر فراہمی کا اہم ذریعہ بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ کونسل (CMDC) کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ، بالخصوص کارپوریٹ ڈیبٹ مارکیٹ کی ترقی اور اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ اگرچہ ملکی ایکویٹی مارکیٹ نے حوصلہ افزا پیش رفت کی ہے، تاہم کارپوریٹ ڈیبٹ مارکیٹ اب بھی معیشت کی ضروریات کے مقابلے میں خاطر خواہ ترقی نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں پر انحصار کم کرنے، متبادل مالیاتی ذرائع کو فروغ دینے اور نجی شعبے خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو سرمایہ تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے قرض پر مبنی سرمایہ مارکیٹ کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔

اجلاس میں پاکستان کی مقامی کرنسی سے منسلک بانڈ مارکیٹ کی ترقی کے لیے جاری بیرونی تحقیقی مطالعے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ یہ مطالعہ بین الاقوامی تجربات کی روشنی میں قابلِ عمل اور شواہد پر مبنی سفارشات پیش کرے تاکہ مستقبل کی اصلاحات کی مؤثر بنیاد رکھی جاسکے۔

اجلاس کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کی جانب سے کارپوریٹ ڈیبٹ مارکیٹ سے متعلق کیے گئے سرویز اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ صرف بڑی کمپنیوں تک محدود رہنے کے بجائے درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے تاکہ وہ بھی سرمایہ مارکیٹ سے مالی وسائل حاصل کرسکیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایس ای سی پی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو ہدایت کی کہ قرض سے متعلق اصلاحات پر عملدرآمد تیز کرنے کے لیے اعلیٰ انتظامی سطح پر خصوصی ڈیبٹ ڈیسک قائم کیے جائیں، جن کے لیے واضح اہداف اور کارکردگی کے پیمانے مقرر ہوں۔

اجلاس میں کارپوریٹ قرض کے اجرا کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ایس ای سی پی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (CDC) کے درمیان بہتر رابطے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ون ونڈو لسٹنگ فریم ورک، معیاری طریقہ کار، ڈیجیٹل انضمام اور آسان آن لائن سہولیات متعارف کرانے کی ہدایت دی تاکہ سرمایہ حاصل کرنے کے خواہشمند اداروں کو سہولت میسر آ سکے۔

اجلاس میں اسلامی کیپٹل مارکیٹ، مقامی صکوک مارکیٹ کے فروغ، گرین اور پائیدار مالیاتی آلات کے اجرا، ٹیکس پالیسی، مالیاتی آگاہی، ڈیجیٹل سرمایہ کاری پلیٹ فارمز اور ایس ایم ایز کی استعداد بڑھانے سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر زور دیا کہ اصلاحاتی عمل کو صرف مشاورت تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کی جانب بڑھایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف اصلاحاتی شعبوں کے لیے الگ ورکنگ گروپس قائم کیے جائیں، واضح اہداف مقرر کیے جائیں اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔

اجلاس میں چیئرمین ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، پاکستان بزنس کونسل، ٹیکس پالیسی آفس اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US