ماں کی ناراضی کا سبب بننے والا ٹیٹو ہی جوان بیٹے کی لاش کی شناخت کا سبب بن گیا

image

امریکا سے بے دخل ہو کر حال ہی میں وینزویلا پہنچنے والا 28 سالہ نوجوان ڈینیئل تباہ کن زلزلے میں ہلاک ہوگیا، جس کی لاش کی شناخت اس کے بائیں بازو پر بنے ٹیٹو سے کرلی گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈینیئل کو امریکا سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا اور وہ زلزلے والے ہی دن وینزویلا کے علاقے لا گوائرا پہنچا تھا۔ اس نے وہاں پہنچ کر سیکیورٹی اہلکار کے فون سے اپنی والدہ اوسواڈیلیز نونیز کو کال کر کے خیریت کی اطلاع دی اور بتایا کہ انتظامی کارروائیوں کے لیے انہیں ایک ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے، جس کے بعد وہ اگلے روز گھر کے لیے روانہ ہوگا۔

تاہم اس فون کال کے محض 40 منٹ بعد شدید زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں وہ ہوٹل زمین بوس ہو گیا اور ڈینیئل سمیت امریکا سے بے دخل کیے گئے دیگر 12 افراد ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے۔

متاثرہ ماں نے کئی روز تک اسپتالوں اور مردہ خانوں میں اپنے بیٹے کی تلاش جاری رکھی۔ بالآخر ایک عارضی مردہ خانے میں رکھی گئی لاشوں میں سے ایک لاش کی شناخت ڈینیئل کے طور پر ہوئی، جس کا چہرہ مسخ ہو چکا تھا لیکن بائیں بازو پر موجود ٹیٹو کی مدد سے اس کے کزن نے اسے پہچان لیا۔

ڈینیئل کی والدہ کا کہنا تھا کہ جب ان کے بیٹے نے یہ ٹیٹو بنوایا تھا تو ان کی شدید ناراضی اور بحث ہوئی تھی، لیکن اج وہ خدا کا شکر ادا کرتی ہیں کہ اسی ٹیٹو کی بدولت وہ اپنے بیٹے کی لاش کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US