جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے دو مختلف کارروائیوں میں اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ہیرے، پلاٹینم بارز، قیمتی موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانکس سامان برآمد کر کے دو مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق دبئی سے آنے والے ایک مشکوک مسافر کو روک کر سامان کی تلاشی لی گئی، جس کے دوران اس کے قبضے سے 10 قیمتی پلاٹینم بارز، مہنگے موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانکس سامان برآمد ہوا۔ حکام نے تمام سامان ضبط کرتے ہوئے مسافر کو حراست میں لے لیا۔
ایک اور کارروائی میں دبئی سے نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچنے والی خاتون مسافر کی تلاشی کے دوران 229 قیراط کے قیمتی ہیرے برآمد کیے گئے، جنہیں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ دبئی سے آنے والے مسافروں کی سخت نگرانی کے باعث اسمگلنگ کی یہ بڑی کوشش ناکام بنائی گئی۔ برآمد ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
حکام نے دونوں مقدمات درج کرکے برآمد شدہ سامان تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ کسٹمز ایکٹ کے تحت گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔