ایران اور امریکا کے درمیان دوبارہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی نمایاں رہے جہاں پورا ہفتہ شدید اتار چڑھاؤ اور مندی کا رجحان غالب رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتے بھر میں 100 انڈیکس میں 6 ہزار 440 پوائنٹس یا 3.5 فیصد کی کمی ہوئی جس کے بعد انڈیکس ہفتے کے اختتام پر 1 لاکھ 75 ہزار 803 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 181,148 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 173,349 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، جو مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ کی عکاسی کرتی ہے۔
مارکیٹ ڈیٹا کے مطابق اس ایک ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کو 712 ارب 86 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مجموعی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 713 ارب روپے کم ہو کر 19 ہزار 790 ارب روپے رہ گئی۔
کاروباری سرگرمیوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ مارکیٹ کا اوسط یومیہ تجارتی حجم 31 فیصد کم ہو کر 74 کروڑ شیئرز رہ گیا جبکہ اوسط یومیہ تجارتی مالیت 28 فیصد گھٹ کر 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔