روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کی افواہیں بے بنیاد، بی سی سی آئی نے وضاحت کر دی

image

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کپتان روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ لارڈز میں کھیلا جانے والا ون ڈے میچ ان کا آخری بین الاقوامی مقابلہ نہیں ہوگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا کہ بورڈ میں روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی، اس لیے انہیں لارڈز ون ڈے کو الوداعی میچ قرار دینا بے بنیاد قیاس آرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روہت شرما بھارتی ون ڈے ٹیم کے اہم اور مستقل رکن ہیں اور جب تک وہ ٹیم کے منصوبوں کا حصہ ہیں، ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری ٹیم کی توجہ انگلینڈ کے خلاف اہم ون ڈے میچ پر مرکوز ہے، اس لیے ایسی افواہوں پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ بعض بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سلیکٹرز نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر روہت شرما کے بغیر مستقبل کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے، جس کے باعث لارڈز ون ڈے کو ان کا آخری بین الاقوامی میچ قرار دیا جا رہا تھا۔

یہ قیاس آرائیاں اس وقت زور پکڑ گئیں جب روہت شرما انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ون ڈے میچز میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے پہلے میچ میں 11 اور دوسرے میچ میں 26 رنز بنائے، جس کے بعد ان کی فارم اور مستقبل پر سوالات اٹھائے جانے لگے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US