سری لنکا سیریز کے لیے قومی ویمنز ٹیم میں 8 تبدیلیاں

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ویمنز ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں حالیہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں 8 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ تاہم ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کو برقرار رکھا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق باقاعدہ کپتان فاطمہ ثنا انگلینڈ میں ہونے والے دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کے باعث ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی، اس لیے منیبہ علی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کریں گی، جبکہ فاطمہ ثنا ون ڈے سیریز میں کپتان ہوں گی۔

سلیکشن کمیٹی نے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو موقع دیتے ہوئے کئی نئے چہروں کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ایمان ناصر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کر سکتی ہیں، جبکہ ون ڈے اسکواڈ میں ماہم انیس اور سائرہ جبین بھی ڈیبیو کی امیدوار ہیں۔

پی سی بی نے ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض سمیت کوچنگ اسٹاف کو بھی برقرار رکھا ہے، جس میں عمران فرحت (بیٹنگ کوچ)، عبدالرحمٰن (اسپن بولنگ کوچ) اور عمید آصف (فاسٹ بولنگ کوچ) شامل ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچز 23، 25 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے، جبکہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز 31 جولائی، 2 اگست اور 4 اگست کو ہمبنٹوٹا میں ہوں گے۔ قومی ٹیم 20 جولائی کو سری لنکا پہنچے گی اور 21 اور 22 جولائی کو ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے گی۔

واضح رہے کہ فاطمہ ثنا نے حالیہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاندار انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 وکٹیں حاصل کیں، 85 رنز بنائے اور انہیں ٹورنامنٹ کی 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ' میں بھی شامل کیا گیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US