کراچی: معصوم کلثوم کے قتل کا سنسنی خیز ڈراپ سین؛ سگی چچی قاتل نکلی، بھائی سمیت گرفتار

image

کراچی، قائد آباد کے علاقے میں تین سالہ ننھی کلثوم کے بہیمانہ قتل اور بوری بند لاش ملنے کے لرزہ خیز واقعے میں انتہائی سنسنی خیز اور لرزہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جہاں معصوم بچی کی سگی چچی ہی اس کی قاتل نکلی۔

ملیر پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگاتے ہوئے مقتولہ کی چچی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق، سفاک چچی نے معصوم کلثوم کو بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتارا اور پھر لاش کو بوری میں بند کردیا۔

اس لرزہ خیز جرم کو چھپانے کے لیے قاتلہ نے اپنے بھائی نادر ولد اسماعیل شاہ کی مدد لی، جس نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے لاش کو ٹھکانے لگانے اور اسے گھر کے باہر رکھوانے میں اپنی بہن کا ساتھ دیا۔

اس سے قبل، پولیس نے کیس کی گتھی سلجھانے کے لیے سخت تگ و دو کی اور 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے ڈی این اے نمونے حاصل کیے، تاہم کسی بھی شخص کا ڈی این اے میچ نہیں ہوا تھا۔ تفتیش کا دائرہ کار جب گھر کے قریبی رشتہ داروں تک بڑھایا گیا تو دل دہلا دینے والا سچ سامنے آگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معصوم بچی پر کیے جانے والے شدید تشدد کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کا عمل اب بھی سرگرمی سے جاری ہے تاکہ اس ہولناک واردات کے پسِ پردہ تمام حقائق کو بے نقاب کیا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US