پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی شاندار اور رنگارنگ لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، برانڈ ایمبیسیڈر شاہد آفریدی، صوبائی وزیرِ کھیل، لیگ کے سی ای او سہیل خان کنڈی، ایم ڈی راجا متین، بانی عارف ملک اور دیگر اہم شخصیات سمیت ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران لیگ کی ٹرافی، آفیشل جرسیز اور تمام چھ ٹیموں پشاور پینتھرز، مردان چیلنجرز، سوات ٹائٹنز، ڈی آئی خان اسٹالینز، خیبر وارئیرز اور ایبٹ آباد ایگلز کے لوگوز کی رونمائی کی گئی۔ لیگ کا پہلا ایڈیشن 16 سے 25 اکتوبر تک پشاور میں کھیلا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی، سی ای او سہیل خان کنڈی، ایم ڈی راجا متین اور بانی عارف ملک نے کہا کہ یہ لیگ صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک بڑا تحفہ اور تاریخی سنگ میل ثابت ہوگی جس سے خیبرپختونخوا کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے آئے گا اور نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔
انہوں نے سپورٹ کرنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ لیگ کے لیے صوبے بھر میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے۔
اس ایونٹ میں محمد رضوان، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان اور شاداب خان جیسے قومی اسٹارز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اور ایمرجنگ کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
انٹرنیشنل معیار کے مطابق منعقد ہونے والی اس لیگ میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور اسے دنیا بھر میں اردو، انگلش اور پشتو زبانوں کی کمنٹری کے ساتھ براڈکاسٹ کیا جائے گا۔ تقریب کا اختتام شاندار لیزر شو اور میوزیکل کنسرٹ پر ہوا۔