فیصل آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاور سیکٹر میں مبینہ 12 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے کیس میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے دو سابق چیف ایگزیکٹو افسران کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ 2007 سے 2015 کے دوران دو نجی کمپنیوں نے فیسکو کے بعض حکام کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر بجلی کی خرید و فروخت کی، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو تقریباً 11 ارب 96 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔
تحقیقات کے مطابق متعلقہ کمپنیوں نے مطلوبہ لائسنس کے بغیر بجلی فروخت کی، جبکہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے باوجود بھی بجلی کی فراہمی جاری رکھی گئی۔
ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے فیسکو کے سابق چیف ایگزیکٹو افسران خورشید عالم اور احمد سعید اختر کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے تفتیش کے لیے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔
ادارے کے مطابق کیس میں نامزد دیگر ملزمان کے نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کروا دیے گئے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔