پیٹرولیم ڈیلرز کی یومیہ قیمتوں کے نظام کی حمایت، ڈیلرز مارجن پر غور کی یقین دہانی

image

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے نظام، ڈیلرز کے مسائل اور شعبے میں اصلاحات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ وفد کی قیادت چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش نے کی، جبکہ راجہ وسیم کیانی، چوہدری ظفر الٰہی، بابر علی چوہدری اور چوہدری فیصل عارف بھی وفد میں شامل تھے۔

چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش نے آبنائے ہرمز کے بحران کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے پر حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر سپلائی کے مسائل کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی فراہمی مؤثر انداز میں برقرار رکھی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نیا نظام سات روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی ہوگا، جبکہ سابقہ ہفتہ وار نظام بھی سات روزہ اوسط قیمت کے مطابق ہی ترتیب دیا جاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے نظام سے قیمتوں کے تعین میں شفافیت آئے گی، مارکیٹ میں بگاڑ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی اور صارفین کو زیادہ منصفانہ قیمتوں کا فائدہ ملے گا۔

پی پی ڈی اے کے وفد نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم ڈیلرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے درمیان قواعد و ضوابط کی تیاری میں ڈیلرز کو بھی شامل کیا جائے، جس پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ ڈیلرز کی آراء کو ضابطوں کی تیاری کا حصہ بنایا جائے گا۔

وفد نے ڈیلرز مارجن 8 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی پیش کیا، جس پر علی پرویز ملک نے مثبت غور کی یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے اور دیگر متعلقہ امور پر پی پی ڈی اے اور اوگرا کے درمیان اجلاس کل منعقد کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت پر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شفاف، مسابقتی اور صارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US