ایف آئی اے کی نارتھ ناظم آباد میں کارروائی، یورپ بھجوانے کے نام پر لوٹنے والا 7 رکنی گینگ گرفتار

image

کراچی میں ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے نارتھ ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو یورپ، اٹلی اور ترکیہ بھیجنے کے نام پر لوٹنے والے 7 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد اجمل کے مطابق ملزمان نے کرائے کی عمارت میں دفتر قائم کر رکھا تھا اور وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں مختلف ناموں سے غیر قانونی سرگرمیاں چلا رہے تھے۔

چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 31 پاسپورٹس، اسٹامپس، جدید اسلحہ، لیپ ٹاپس اور پولیس کی وردیاں برآمد ہوئی ہیں۔ تحقیقات کے مطابق یہ نیٹ ورک گزشتہ 4 سے 5 برس سے ملوث تھا اور شہریوں سے ویزوں کے نام پر 8 سے 10 لاکھ روپے فی کس وصول کرتا تھا۔ تاہم، کسی بھی شخص کو ویزا فراہم نہیں کیا جاتا تھا، اور جب شہری اپنی رقم یا ویزے کا مطالبہ کرتے تو ملزمان کے ساتھی پولیس کی وردیاں پہن کر انہیں ڈراتے دھمکاتے اور ہراساں کرتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق علی اور عبدالرحمان نامی ملزمان اس نیٹ ورک کو چلا رہے تھے اور اب تک 52 متاثرہ شہری سامنے آچکے ہیں۔ ایف آئی اے نے کیس کی مزید تحقیقات اور نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US