راولپنڈی کے آٹھ سالہ طالب علم محمد عبداللہ نے غیرمعمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اولیول اکاؤنٹنگ کا امتحان پاس کر لیا، جس کے بعد وہ کم عمری میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے عالمی ریکارڈ ہولڈر بن گئے۔
محمد عبداللہ کا کہنا ہے کہ انہیں اکاؤنٹنگ میں دلچسپی اپنے والد سے ملی۔ ان کے مطابق اکاؤنٹنگ ایک دلچسپ مضمون ہے، جو کاروبار، کمپنیوں اور مالیاتی نظام کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ننھے طالب علم نے اپنی کامیابی کا راز محنت، مستقل مزاجی اور متوازن طرزِ زندگی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لیے تعلیم اور کھیل دونوں یکساں اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ ضرورت سے زیادہ پڑھائی فائدہ مند ہے اور نہ ہی صرف کھیل کود پر توجہ دینا، بلکہ ہر کام اعتدال کے ساتھ کرنا چاہیے۔
محمد عبداللہ کی اس غیرمعمولی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ صلاحیت عمر کی پابند نہیں ہوتی۔ درست رہنمائی، مسلسل محنت اور والدین کی حوصلہ افزائی بچوں کو غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے، جبکہ ان کی یہ کامیابی دیگر بچوں کے لیے بھی ایک روشن مثال بن گئی ہے۔