لاہور ہربنس پورہ کے علاقے میں عدالت پیشی پر جانے والے ایک نوجوان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتول سعد اپنے والد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر عدالت پیشی کے لیے جا رہا تھا کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں سعد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول چند ماہ قبل ایک قتل کے مقدمے میں ضمانت پر رہا ہوا تھا۔ واقعے کے بعد لاش کو ضروری کارروائی کے لیے پوسٹ مارٹم کی غرض سے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقدمے کی تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔