فیفا ورلڈ کپ 2026 نے حاضرین، ناظرین اور آمدن کے نئے عالمی ریکارڈ قائم کر دیے

image

زیورخ میں جاری ایک بیان کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 نے 48 ٹیموں پر مشتمل نئے فارمیٹ کے ساتھ اسٹیڈیمز میں شائقین کی حاضری، ٹی وی ویوورشپ اور متوقع آمدن کے تمام سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کا کہنا ہے کہ 16 اضافی ٹیموں کی شمولیت کے باعث یہ تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ تھا جس نے توقعات سے بڑھ کر نتائج دیے ہیں۔

فیفا کے مطابق ٹورنامنٹ سے حاصل ہونے والی متوقع آمدن 7 ارب یورو (تقریباً 8 ارب ڈالر) سے تجاوز کر جائے گی، جو کہ قطر 2022 کے مقابلے میں تقریباً 56 فیصد زیادہ ہے۔ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں کھیلے گئے اس عالمی مقابلے کے 104 میچز دیکھنے کے لیے ریکارڈ 68 لاکھ 10 ہزار سے زائد شائقین اسٹیڈیمز پہنچے، جہاں نشستیں اوسطاً 99.7 فیصد تک بھری رہیں اور فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار 351 ریکارڈ کی گئی، تاہم ٹکٹوں کی بلند قیمتوں پر کچھ تنقید بھی دیکھنے میں آئی۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی ایونٹ کو غیرمعمولی پذیرائی ملی اور راؤنڈ آف 16 کے اختتام تک دنیا بھر میں تقریباً 5.2 ارب افراد آن لائن ورلڈ کپ سے منسلک ہوئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایونٹ کو دنیا بھر میں تقریباً 6 ارب افراد نے دیکھا، جبکہ فیفا کا کہنا ہے کہ تفصیلی ویوورشپ اعداد و شمار بعد میں جاری کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے مجموعی انعامی فنڈ کو بھی 15 فیصد بڑھا کر 871 ملین ڈالر کر دیا گیا، جو 2022 میں 440 ملین ڈالر تھا۔ فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اسپین، پرتگال، مراکش، پیراگوئے، یوراگوئے اور ارجنٹینا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے 2030 کے ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد کو مزید بڑھا کر 64 کرنے کی تجویز فیفا کونسل کے سامنے پیش کی گئی ہے جس پر غور جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US