پتوکی میں دوستی کے رشتے کو شرمسار کر دینے والا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شہری نے اپنے ہی دوست پر الزام عائد کیا ہے کہ اسے کاروبار کے نام پر ساتھ لے جا کر بے ہوش کیا گیا اور بعد ازاں اس کا گردہ نکال کر فروخت کر دیا گیا۔
متاثرہ شہری رحمت کے مطابق اس کا دوست رضا اسے کاروباری موقع کا جھانسہ دے کر اپنے ساتھ لے گیا۔ راستے میں اس نے اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ رحمت کو ایک مشروب پلایا، جس کے بعد وہ بے ہوش ہو گیا۔ رحمت کا کہنا ہے کہ جب اسے ہوش آیا تو وہ شدید تکلیف میں تھا اور اسے معلوم ہوا کہ اس کا آپریشن ہوچکا ہے۔
رحمت نے بتایا کہ بعد میں اسے پتہ چلا کہ بے ہوشی کے دوران اس کا دایاں گردہ نکال لیا گیا تھا۔ پتوکی واپس پہنچنے کے بعد اس نے طبی معائنہ کروایا، جہاں الٹراساؤنڈ رپورٹ میں ایک گردہ نہ ہونے کی تصدیق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کی درخواست پر 12 جولائی کو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران سامنے آنے والی معلومات کی بنیاد پر اب مرکزی ملزم رضا اور اس کے مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب رحمت نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جاسکے۔