اسنوکر کو ’سی ایم یوتھ گیمز‘ میں شامل کیا جائے: عمران نوشاہی کا وزیر کھیل پنجاب کو خط

image

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے اسنوکر فوکل پرسن عمران نوشاہی نے صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کو خط ارسال کرتے ہوئے اسنوکر کو سی ایم یوتھ گیمز میں شامل کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ خط میں عمران نوشاہی نے واضح کیا ہے کہ اسنوکر کو گیمز کا حصہ بنانے کے لیے وہ اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ ہر ممکن اور مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔

خط کے متن میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اسنوکر نوجوانوں کے لیے ایک مثبت اور تعمیری سرگرمی ثابت ہوسکتی ہے اور پاکستان نے عالمی و ایشیائی سطح پر اس کھیل میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب بھر میں 30 سے زائد اسنوکر اکیڈمیاں نوجوانوں کی تربیت میں مصروف ہیں، جبکہ صوبے کے 10 ہزار اسنوکر کلبز میں 40 لاکھ سے زائد افراد اس کھیل سے منسلک ہیں۔

عمران نوشاہی نے یاد دہانی کرائی کہ 2012 اور 2014 میں بھی پنجاب حکومت کے تعاون سے "یوتھ نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ" کا کامیاب انعقاد کیا گیا تھا جس میں کالج، یونیورسٹی اور جنرل پبلک کی کیٹیگریز میں مقابلے کرائے گئے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسنوکر کو سی ایم یوتھ گیمز میں شامل کرنے سے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی بلکہ ملک میں اس کھیل کو مزید فروغ بھی حاصل ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US